لاہور ( پبلک نیوز) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو یکساں نصاب تعلیم پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ حکومت کی رِٹ کسی صورت چیلنج نہیں ہونے دیں گے۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں ایک ہی نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگلے چار ہفتوں کے بعد جس نجی سکول میں یکساں نصاب تعلیم کا مکمل اطلاق نہیں ہوگا اس سکول کا لائیسنس کینسل کر دیا جائے گا۔ ایک نصاب کا مطلب ایک کتاب کا ہونا نہیں جبکہ نصاب کا حکومت کے جاری کردہ فریم ورک کے تحت ہونا ہے۔ یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ تمام سٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کل سے پنجاب کے تمام سکولوں میں یکساں نصاب تعلیم کے اطلاق اور عملدرآمد کے حوالے جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو رہا ہے۔ تمام تعلیمی ادارے مخض پنجاب کریکولم ٹیکسٹ بک بورڈ سے منظورشدہ کتابیں پڑھا سکیں گے۔ یکساں نصاب تعلیم کے تحت تیار کردہ کتابیں پنجاب کے تمام اضلاع میں دستیاب ہیں۔ تعلیمی اداروں کے مکمل عملے کی ویکسینیشن کے حوالے بھی سکولوں میں چیکنگ کا آغاز بروز پیر سے کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے اساتذہ، انتظامیہ اور دیگر عملے کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔ ایسے تعلیمی ادارے جن کے مکمل سٹاف کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ان کو فوری سیل کر دیا جائے گا۔ اگلے ایک ماہ میں تمام بچے سکولوں میں اپنے والدین اور 17 سال سے زائد عمر کے فیملی ممبران کے کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کروائیں گے۔ مشکل حالات میں مشکل فیصلے لینا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کے ڈیجیٹلائیزیشن کے منصوبوں کو بہتر سے بہترین بنا رہے ہیں۔ آج محکمہ تعلیم پنجاب میں تبادلے، چھٹیاں، ریٹائرمنٹ، اے سی آر، و دیگر آن لائن سسٹم کے تحت کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ای ریٹائرمنٹ سسٹم کی بدولت گیارہ ہزار سے زائد اساتذہ کے ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن انہیں گھر بیٹھیں موصول ہوئے ہیں۔ سیکرٹری محمکہ تعلیم ساوتھ پنجاب کی جانب سے بچوں میں کتابی رحجان بڑھانے کے لئے 'فروغ' کے نام سے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ دورِ جدید میں بچے کتابوں سے دور ہو گئے ہیں، ان کو کتابوں کی طرف واپس لے کر آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پروگرام 'فروغ' کے تحت پاکستان کے پہلے آن لائن میگزین روشنی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ بچوں کے اردو زبان میں لکھے جانے والے آرٹیکلز آن لائن میگزین روشنی پر شائع کئے جائیں گے۔ آفٹرنون سکول پروگرام کے تحت چار ہفتوں میں 1 لاکھ سے زائد بچے سکولوں میں واپس آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی بچے ہیں جو پانچویں جماعت کے بعد سکول نہ ہونے کی بدولت تعلیم چھوڑ جاتے تھے۔ ٹرانسجینڈرز سکول پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کھولے جائیں گے۔ اس سے بہتر کوئی بات نہیں کہ ہمارے بچے سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم پڑھیں اور اس پر عمل پیرا ہوں۔