راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم نے طویل جنگ لڑی ہے، دہشت گردی کی لعنت سے آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، بنوں میں گزشتہ روز فوجی قافلے پر خودکش حملے میں 9 فوجی شہید ہوئے تھے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کو کبھی جھکا نہیں سکتے۔ دہشتگردوں کی خام خیالی ہے کہ وہ ہمارے آہنی عزم اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرسکتے ہیں، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمے کا ہمارا عزم کمزور نہیں کرسکتے۔ آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کا ناسور ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، قوم شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آرمی چیف کو خودکش دھماکے اور سیکیورٹی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور اُن کے عزم کو سراہا۔ جنرل عاصم منیر بنوں دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ بھی گئے، انہوں نے زخمی افراد سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ سربراہ پاک فوج نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں شہید جوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔