ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نالائق ٹولے کے پاس میڈیا میں زندہ رہنے کے لئے 9 مئی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوا کچھ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال سمیت تمام لیگی رہنما جب میڈیا سے آؤٹ ہوجاتے ہیں تو 9 مئی پر بیان داغ دیتے ہیں، 9 مئی کے ڈرامے پر جعلی حکومت کو مستعفی ہو کر پی ٹی آئی سے معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا منہ توڑ جواب عوام نے 8 فروری کو پی ٹی آئی پر اعتماد کر کے دیا تھا، احسن اقبال سمیت تمام قائدین فارم 47 اور الیکشن کمشنر کے سہارے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہزار بار کہا ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے اس لئے جوڈیشل کمیشن نہیں بنا رہے، جوڈیشل انکوائری سے واضح ہوجائیگا کہ 9 مئی کے اصل محرکات کیا تھے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ 9 مئی پی ٹی آئی کے خاتمہ کی سازش تھی جو شرمندہ تعبیر نہ ہوئی، مخالفین کی سازش کے بعد پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوئی، تحریک انصاف اقتدار میں آ کر 9 مئی کے سازشیوں کو بے نقاب کرے گی۔