پی ٹی اے کا ایکس کی بندش کے نوٹی فکیشن پر یوٹرن

پی ٹی اے کا ایکس کی بندش کے نوٹی فکیشن پر یوٹرن

ویب ڈیسک: پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ایکس ( ٹوئٹر) کی بندش کے نوٹی فکیشن پر یوٹرن لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے عدالت سے حکم نامہ واپس لینے یا ترمیم کی استدعا کردی، ڈپٹی ڈائریکٹر لا پی ٹی اے علی اکبر، وکیل احسن امام نے حلف نامے جمع کروادیے،12 ستمبر کو پی ٹی اے وکیل نے بیان دیا تھا کہ ایکس پر پابندی کا نوٹی فکیشن واپس لیا جاچکا ہے۔

تاہم اب ڈپٹی ڈائریکٹر لا نے مؤقف اپنایا کہ وزارت داخلہ نے بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس نہیں لیا، ایکس کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن تاحال موجود ہے،علی اکبر نے کہا کہ نوٹی فکیشن کی واپسی سے متعلق 12 ستمبر کا بیان غلط فہمی پر جاری ہوا تھا، اسی بینچ کے روبرو ایک اور کیس بھی زیر سماعت ہے، کیس میں اسٹیرنگ کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن واپس لیا گیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ غلطی سے دونوں کیسز مل گئے اور اس کیس میں نوٹی فکیشن واپس لینے کا بیان جاری ہوا، مذکورہ بیان حقائق کے برخلاف ہے اس کے نتائج بہت اہم ہوسکتے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کے کئی مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لیے مقرر ہوتے ہیں، مقدمات کے دباؤ کے باعث غیر ارادی طور پر غلطی ہوئی۔

علاوہ ازیں پی ٹی اے نے عدالت سے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا بھی کردی۔

Watch Live Public News