لاہور: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کے سابق دیرینہ دوست اور ساتھی جہانگیر ترین کے گروپ نے قیادت کا ساتھ چھوڑتے ہوئے کھل کر مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ترین گروپ نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ ایک نااہل شخص کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا گیا جس نے کرپشن کی بھرمار کرکے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں وزارت اعلیٰ کیلئے ترین گروپ کی حمایت پر ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ ہم انتقام کی سیاست نہیں کرینگے بلکہ مل جل کر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا تھا۔ کورونا آیا تو بخار کی گولی تک ناپید کر دی گئی، یہی لوگ تو مافیا ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ن لیگ کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتا دیا تھا کہ ترین گروپ نے وزیراعلیٰ کے لئے حمزہ شہباز کی حمایت کرنے کی مکمل یقین دہانی کرا دی ہے۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ جہانگیر خان ترین کے ساتھ گفتگو کا آخری دور نتیجہ خیز رہا۔ ہم باہمی طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ترین گروپ وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز شریف کی حمایت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس سلسلے میں جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کے تعاون کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتے ہیں۔ ادھر ن لیگ کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے بھی ساتھ دینے کے فیصلے پر جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ الحمدللہ میری ابھی ترین گروپ کے اہم رہنما عون چودھری سے گفتگو ہوئی۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ان کی جانب سے سپورٹ کے فیصلے پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے۔