کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کراچی میں کھیلے گئے کرکٹ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ایک کھلاڑی قضائے الہیٰ سے انتقال کر گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے قائد آباد میں پیش آیا جہاں کی ریڈیو پاکستان کالونی میں مقامی کرکٹ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلا گیا۔ جانداد خان وقار سپورٹس کے خلاف بلے بازی کر رہے تھے کہ اچانک انھیں ہارٹ اٹیک ہو گیا۔ مرحوم کھلاڑی جانداد خان کی عمر 33 برس بتائی جا رہی ہے۔ کھلاڑی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور راستے میں انتقال کر گئے۔ زون فائیو کے نیو پیرا ماؤنٹ کرکٹ کلب کی نمائندگی کرنے والے جانداد خان کا آبائی تعلق بنوں سے تھا۔ جانداد خان گل احمد چورنگی کے رہائشی تھے جو محنت مزدوری کرکے اپنا اور گھر والوں کا پیٹ پالتے تھے۔ ان کے ورثا میں ان کے والدین، بیوہ اور ایک 9 ماہ کی بچی ہے۔ جاں بحق نوجوان کرکٹر کو لانڈھی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔