ممبئی: مہاراشٹر کے ناگپور میں شرابی کی کارروائی سے پورے شہر کی پولیس رات بھر پریشان رہی۔ دراصل بیوی کو فون کرکے ملزم نے پورے ضلع میں سنسنی مچا دی۔ نشئی نے فون پر اپنی بیوی کو بتایا کہ کچھ لوگ اسے اغوا کر رہے ہیں اور اسے مارنے کے لیے کسی نامعلوم جگہ پر لے جا رہے ہیں۔ یہ سن کر بیوی ڈر گئی یہاں تک کہ کچھ اور کہنے سے قبل اس کا فون منقطع ہو گیا۔
اس کے بعد جب ح خاتون نے پولیس کو اطلاع دی تو گھنٹوں تک سسپنس برقرار رہا۔ اس مبینہ حادثے اور اغوا کیس سے متعلق پیغامات اور پولیس کی گاڑیوں کے سائرن پورے ضلع کی واکی ٹاکی پر گونجنے لگے۔ٹائمز آف انڈیا میں شائع خبر کے مطابق گمگاؤں روڈ کے رہائشی گجیندر کہارے نے منگل کی رات اپنی اہلیہ سے کہا کہ یہاں پر ایک حادثہ ہوا ہے اور کچھ لوگ اس کے لیے اس پر الزام لگا رہے ہیں اور اسے مارنے کے لیے اسے ایک گاڑی میں کسی نامعلوم مقام پر لے جایا جا رہا ہے۔
تاہم بعد میں پولیس کو معلوم ہوا کہ اس شخص نے نشے کی حالت میں بیوی کو فون کیا تھا اور اغوا کی خبر جھوٹی تھی۔ پولیس حکام کو پریشان کرنے کے بعد 26 سالہ کہارے آج صبح اپنے گھر پہنچا اور اپنے ایک دوست کو فون پر بتایا کہ وہ بہت زیادہ شراب پی کر کہیں سو گیا تھا۔ جبکہ ڈی سی پی رینک کے تین افسروں کی قیادت میں 600 پولیس والے رات بھر اس کی تلاش کرتے رہے۔
اس کے بعد کہارے کے محفوظ ہونے اور واپسی کی اطلاع پولیس تک پہنچی۔ اب پولیس کو شبہ ہے کہ نوجوان نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے ایسی فون کال کرکے بیوی کو ڈرانے کی کوشش کی ہوگی۔