لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پورے پاکستان سے اتنے بندے پریڈ گراؤنڈ میں اکٹھے نہیں کرسکا جتنے گرین ٹاؤن جلسے میں ہیں۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے حلقہ پی پی 167 میں منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پی پی 167کے عوام کا جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،عمران خان پورے پاکستان سے اتنے لوگ جمع نہیں کرسکے جتنے آج پی پی167میں جمع ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ خزانے میں عمران خان نے کچھ چھوڑا ہوتا تو سب عوام پر نچھاور کر دیتے، مجھے پتہ ہے آج لوڈشیڈنگ بھی ہے اس کا ذمہ دار بھی عمران خان ہے،اس نے ملک کو مشکلات میں ڈالا ،ہم مداوا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی تکالیف اور مشکلات کا احساس ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے پر نوازشریف کا دل خون کے آنسو روتاہے۔ لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ معلوم ہے مہنگائی ہے مگر پچھلے 4 سال سے ہے، عوام کی تکلیف میں ان کے ساتھ ہوں، یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں مگر ان سے عوام کو جلد نکالیں گے۔ نوازشریف اور شہبازشریف آپ کو بحرانوں سے نکالیں گے،شہبازشریف نے کہا اگر عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت کم ہوتی ہےتو ہم بھی کم کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے لیے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے،عمران خان کی وجہ سے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑرہےہیں۔ عمران خان اپنی حکومت جانے کا رونا روتے ہیں، اس نے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔