لاڑکانہ ( پبلک نیوز) نواحی گاؤں صدیق آباد میں پاگل آوارہ کتے کا حملہ، 8 بچوں سمیت گیارہ دیہاتیوں کو کاٹ کر زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق زخمیوں میں 7 سالہ ارسلان، عرفان، 8 سالہ عبداللہ شیخ، 9 سالہ جنید اور 12 سالک وزیر چانڈیو شامل ہیں۔ پاگل آوارہ کتے نے 15 سالہ زبیر، 16 سالہ اوشاق، سجاد، اور 50 سالہ جان محمد کو بھی کاٹ کر زخمی کیا۔
متاثرین کو چانڈکا ہسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اینٹی ریبیز سینٹر سے اے آر وی ویکسین فراہم کی گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کر کے شہری و دیہاتیوں کی پریشانی کم کی جائے۔
دوسری جانب ڈیوٹی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں ایک روز کے دوران اب تک کتے کے کاٹنے کے 22 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کیسز ضلع کی چاروں تحصیلوں میں رپورٹ ہوئے۔ 11 کیسز ایک ہی گاؤں صدیق آباد حیسب چانڈیو کے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کوٹڈیجی کے نواحی گاؤں علی بخش حاجانو میں میں گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 6 سالہ آفتاب شر پر دس سے زائد آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا تھا جس سے بچہ آفتاب شدید زخمی ہوگیا تھا۔ ورثا کیا جانب سے کوٹڈیجی کی یونین کونسل محبت واہ کے سیکرٹری کرم حسین گاہو کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔