پبلک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام،وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے،سپاہی نعیم اختر شہید انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔
سپاہی نعیم اختر شہید نے 15 مارچ 2018 کو سیاچین گلیشیئرز کے گیاری سیکٹر میں دفاع وطن میں جامِ شہادت نوش کیا،سپاہی نعیم اختر شہید نے سوگواران میں والد، بھائی اور بیوہ چھوڑے،سپاہی نعیم اختر کا تعلق بھمبرتراڑ تحصیل و ضلع اسلام آباد سے ہے۔
سپاہی نعیم اختر شہید کے لواحقین نے اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار کیا ہے۔
سپاہی نعیم اختر شہید کے بھائی نے کہا ہے کہ نعیم بچپن سے ہی ہم سب بھائیوں میں بہت منفرد تھا،میرے بھائی کی بچپن سے ہی خواہش تھی کہ وہ پاک فوج میں بھرتی ہو،وہ سب سے چھوٹا تھا مگر پھر بھی سب گھر والوں کا بہت خیال رکھتا تھا اور سب اس سے بہت پیار کرتے تھے،وہ جب چھٹی پہ گھر آتا تھا تو سب گھر والوں سے بہت اخلاق اور ادب سے پیش آتا تھا۔
سپاہی نعیم اختر شہید کے بھائی نے مزید کہا کہ میرا بھائی ایک انمول ہیرا تھا جسکو ہم کبھی نہیں بھلا سکتے،ہمیں اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے کہ اس نے اپنی جان اس ملک کے دفاع میں قربان کی،قوم کے لیے میرا پیغام ہے کہ وہ اپنے شہداء کے ساتھ ہمہ وقت کھڑے رہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیں،میرا پاک فوج کے جوانوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور اپنے ملک کی دفاع کرے،ہم اپنی پاک آرمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
سپاہی نعیم اختر شہید کی بیوہ کا کہنا ہے کہ میرے شوہر بہت اچھے تھے اور بہت خیال رکھنے والے انسان تھے،جب مجھے اپنے شوہر کی شہادت کا پتہ چلا تو میرے پیروں تلے زمین نکل گئی،مجھے ان کی شہادت کا بالکل یقین نہیں آیا اور ایسے لگا جیسے میں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں،مجھے اپنے شوہر کی شہادت پر بہت فخر ہے کیونکہ شہید کا بہت بڑا رتبہ ہوتا ہے۔
سپاہی نعیم اختر شہید کی بیوہ کا مزید کہنا ہے کہ میرے شوہر کی شہادت اللہ کی طرف سے میرے لیے بہت بڑی آزمائش تھی اور اللہ نے مجھے صبر دیا،الحمداللہ میں اللہ کی رضا میں راضی ہوں،میرے شوہر کی شہادت اللہ کی طرف سے بہت بڑا اعزاز ہے جو اللہ نے ہمیں عطا کیا،اللہ سے دعا ہے کہ اللہ میرے شوہر کے درجات بلند فرمائے،میرا پاکستانی قوم کے لیے پیغام ہے کہ اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر کریں کیونکہ ان کی وجہ سے ہمارا ملک قائم ہے۔
سپاہی نعیم اختر شہید کےوالد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا میری بہت عزت کرتا تھا اور میرا ہر کہنا مانتا تھا،میری اللہ سے دعا ہے کہ اللہ میرے بیٹے کا اگلے جہاں بھی اچھا کرے کیونکہ اس نے اپنے ملک کی خاطر جان قربان کی،میرا بیٹا میرے دل میں بستا ہے کیونکہ اس نے میرا سر فخر سے بلند کیا،میری دعا ہے کہ اللہ اس کو جنت نصیب فرمائے۔
سپاہی نعیم اختر کی شہادت ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔