آزاد کشمیر: ڈسٹرکٹ جیل پونچھ سے 19قیدی  دن دیہاڑے فرار

آزاد کشمیر: ڈسٹرکٹ جیل پونچھ سے 19قیدی  دن دیہاڑے فرار

(ویب ڈیسک ) راولاکوٹ  شہر کے وسط میں موجود ڈسٹرکٹ جیل پونچھ سے 19 قیدی دن دیہاڑے فرار ہو گئے۔   قیدیوں میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمان شامل ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جیل میں معاملہ کی تحقیقات کےلئے موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق دروازہ کھولنے کے لیے جانے والے سنتری کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر کارروائی کی گئی۔

پولیس نے فرار ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات جاری کر دیں ہیں ۔ فرار ہونے والے قیدیوں میں دہشتگردی کے الزام میں سمیت 302 اور دیگر حساس مقدمات کے قیدی بھی تھے۔ 

راولاکوٹ جیل سے فرار ہونے والے 19 قیدیوں میں سے 6 سزائے موت کے قیدی ہیں ،  3 قیدیوں کو 25 سال کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ 3 قیدی 10 سال کی سزا کاٹ رہے تھے ۔  5 سال کی سزا کاٹنے والا ایک قیدی اور ایک حوالاتی بھی فرار ہونے والوں میں شامل  ہے۔دہشتگردی اور قتل کے مقدمے میں غازی شہزاد سمیت 5 قیدی انڈر ٹرائل تھے ۔

دوسری جانب مشیر جیل خانہ جات سردار احمد صغیر  نے ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ میں درجن سے زائد قیدیوں کا جیل سے فرار ہونے کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی جیل خانہ جات سے معاملہ کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔

مشیر جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ   ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ 

ایس پی راولاکوٹ ریاض مغل  کا کہنا ہے کہ   جیل سے   فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کریں  گے اور واپس بھی لائیں گے ، جیل خانہ جات کا کوئی اہلکار ملوث ہوا اسکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ریاض مغل  نے کہا کہ   آج جیل میں کس کی  ملاقات ہوئی کیسے ہوئی ساری تفصیلات لے رہے ہیں ، جیل خانہ جات کے 3 اہلکاروں سے ابتدائی چھان بین جاری ہے ۔ داخلی خارجی راستوں سمیت اندورنی راستوں پر بھی  ناکہ بندی کر دی گئی ہے جلد قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا جائے گا ۔

Watch Live Public News