ویب ڈیسک: بابر اعظم نے گزشتہ روز پاکستان وائٹ بال ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا ان کے مستعفی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن ون ڈے میں بابر اعظم کو بطور کپتان دیکھنا چاہتے تھے، تاہم وہ ٹی 20 فارمیٹ کے لیے نیا کپتان لانے کے خواہاں تھے۔
گیری کرسٹن نے جولائی میں ہی ٹی 20 کپتان کی تبدیلی کا کہہ دیا تھا اور ان کی بابر اعظم سے اس حوالے سے اسی دوران بات بھی ہوئی تھی، ہیڈ کوچ کنکشن کیمپ کے موقع پر بھی بابر اعظم سے ون ڈے کی کپتانی جاری رکھنے پر انہیں قائل کرتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرمناک شکست کے بعد پی سی بی سے کوئی بھی بابر اعظم کے رابطے میں نہیں تھا۔ اس دوران انہیں کسی بھی مشاورتی عمل میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مستعفی ہونے کے اعلان سے قبل بابر اعظم نے بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے گزشتہ سال ایشیا کپ اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔