کراچی ( پبلک نیوز) بزرگ قوم پرست رہنما سردار عطاء اللہ خان مینگل انتقال کر گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سردارعطااللہ خان مینگل ان کا انتقال 92 برس کی عمر میں ہوا۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں گزشتہ ایک ہفتے سے ان کا علاج جاری تھا۔ بزرگ سیاستدان نے 1992 میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ بلوچستان کے پہلے منتخب وزیراعلیٰ تھے۔ وہ بی این پی مینگل کے صدر اختر مینگل کے والد تھے۔ مرحوم کے جسدِ خاکی کو آبائی علاقہ وڈھ ضلع خضدار میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ سردارعطااللہ خان مینگل کے انتقال پر صدر مملکت، وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز سمیت پاکستان کی تمام سیاسی قیادت نے تعزیتی بیانات جاری کیے۔ مرحوم کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔