ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل میں قیدیوں میں لڑائی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔ جس میں خودساختہ کٹر کے وار سے ایک قیدی شدید زخمی ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں حوالاتیوں میں جھگڑا ہونے کی اطلاعات میں۔ جس میں کٹر کے وار سے ایک حوالاتی شدید زخمی ہوگیا ہے۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران شہزاد کی مدعیت میں حوالاتی آتش حسین کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ لڑائی کا واقعہ تین دن قبل 29 اگست کو چکر مسجد کے قریب پیش آیا۔ قتل کے مقدمہ میں گرفتار حوالاتی آتش حسین نے حوالاتی انجم سے لڑائی جھگڑا کیا۔ آتش حسین نے خود ساختہ کٹر کے وار سے انجم کے گردن،سر اور کندھے کو زخمی کیا۔
رپورٹ کے مطابق زخمی حوالاتی کا طبی معائنہ بھی کروا لیا گیا ہے۔ چیف وارڈر نواب خان اور وارڈر ریاض اقبال واقعہ کے گواہ ہیں۔