ویب ڈیسک: ماسکو میں لائیو کوریج کے دوران منفرد واقعہ پیش آیا جب ایک شرارتی کتا خاتون رپورٹر کا مائیک چھین کر بھاگ نکلا۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ براہ راست ٹی وی کی رپورٹنگ غیر متوقع ہوسکتی ہے۔ خراب موسم ، شور پرندوں یا یہاں تک کہ زیادہ بھیڑ کی وجہ سے رپورٹر کے کام میں خلل پڑ سکتا ہے تاہم شاید روسی صحافی اس بات سے بے خبر تھی کہ اس کی موسم سے متعلق رپورٹ میں خلل پڑنے والا ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موسم سے متعلق رپورٹر ندیزڈا سیرزکینا کو ایک دلچسپ صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا جب انہوں نے اپنی رپورٹ کا آغاز کیا، اسی دوران ایک کتا ان پر کود پڑا اور مائیک کو چھین کر بھاگ نکلا۔
خاتون رپورٹر نے جلد ہی کتے کا تعاقب کیا، چیخ چیخ کر کہا "رک جاؤ، رک جاؤ۔ اس دوران کیمرہ پرسن نے فلم بندی جاری رکھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سیرزکینا نے اپنا مائک واپس لینے کے لئے اس کتے کا پیچھا کرنے کی کوشش کی۔ اہم بات یہ ہے کہ اچانک پیش آئے اس واقعے کے باوجود نشریات میں رکاوٹ نہیں ڈالی گئی، اور ناظرین نے پورا منظر دیکھا، اس دوران اسٹوڈیو میں نیوز کاسٹر نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی، اور ناظرین کو بتایا کہ وہ نامہ نگار سے رابطہ منقطع کر چکی ہیں تاہم جلد ہی رابطہ بحال کر لیا جائے گا۔
خوش قسمتی سے صحافی نے کتے کو پکڑ لیا اور تھوڑی دیر بعد اپنا مائکروفون بھی اس سے حاصل کر لیا۔ اس کے بعد رپورٹر نے ناظرین کو لائیو اپ ڈیٹ کیا کہ کتے نے مائیکروفون کو ایک یا دو بار کاٹنے کے بعد واپس کر دیا ہے، نیوز چینل کے مطابق اس کتے کا نام مارٹن تھا، اسے جو بعد میں لائیو نشریات کا حصہ بھی بنایا گیا۔