اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے وزارت داخلہ اور وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سکیورٹی فراہمی کی درخواست پرچیف جسٹس ہائیکورٹ عامر فاروق نے سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ کیاعمران خان کو بطور سابق وزیراعظم سیکیورٹی نہیں مل رہی ہے ؟ چیف جسٹس نے ریماکس میں کہا کہ کسی کو خطرات لاحق ہونے پر سیکیورٹی کے کیا ایس او پیز ہیں ؟سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بہت سی سیکیورٹیز واپس لی تھیں ، سابق چیف جسٹس نے یہ بھی کہا تھا کہ کسی کو خطرہ ہو تو سیکیورٹی دی جا سکتی ہے ، کیا وہ ایس او پیز اب بھی اِن فیلڈ ہیں یا نہیں؟ یہ بھی دیکھ لیں ۔ فیصل فرید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پولیس جس کے ماتحت ہے وہی دھمکیاں دے رہا ہے ، وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اپریل کوجواب جمع کروانے کا حکم بھی دیدیا ہے ۔