حکومت سے مذاکرات ہو ہی نہیں ہوسکتے ، چیئرمین پی ٹی آئی

حکومت سے مذاکرات ہو ہی نہیں ہوسکتے ، چیئرمین پی ٹی آئی
لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پرویزالہٰی نے مجھے پنجاب اسمبلی توڑنے کا اختیار دے دیا ہے، ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اب الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے، الیکشن چاہے اکتوبر میں ہوں یا اگست میں ہوں تحریک انصاف ہی جیتے گی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ ہم رواں ماہ ہی اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، جب 66 فیصد آبادی کی نشستیں خالی ہوں گی تو ملک کو عام انتخابات کی طرف جانا پڑے گا، 66فیصد کےبجائے ملک بھر میں الیکشن کےخواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کارکردگی سے لوگ تنگ آچکے ہیں، الیکشن میں تاخیر ہوتی ہے تو اس میں بھی تحریک انصاف کو ہی فائدہ ہوگا ، الیکشن پی ٹی آئی نہیں ملک کی ضرورت ہے، موجودہ صورتحال میں ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے صرف کہا تھا کہ ملک آپ سے سنبھالا نہیں جارہا ہے، تو 66 فیصد پاکستان کی بجائے آپ پورے ملک میں الیکشن کرادیں، حکمرانوں سے بات چیت کس بنیاد پر ہوگی ، ہوہی نہیں سکتی، میں نے صرف یہ کہا ہے کہ اگر عام انتخابات کی تاریخ دینے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں، لیکن اگر حکومت عام انتخابات نہیں کراتی، تو عنقریب اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنا ہے، میرے گذشتہ روز کے بیان سے پی ڈی ایم حکومت کو غلط فہمی ہوگئی اور غلط پیغام چلا گیا ہے ہم نے حکومت کو صرف یہ پیغام دیا تھا کہ 66 فیصد ملک میں الیکشن ہوگا اور سب الیکشن میں چلے جائیں گے تو حکومت کا کام تو ختم ہی ہوجائے گا اور ملک رک جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔