عالمی سطح پر بڑی کامیابی، پاکستان بھارت کو ہرا کر یونیسکو کا وائس چیئرمین منتخب

عالمی سطح پر بڑی کامیابی، پاکستان بھارت کو ہرا کر یونیسکو کا وائس چیئرمین منتخب
اسلام آباد: پاکستان نے سفارتی سطح پر بھارت کو شکست دے دی۔ پاکستان کی عالمی سطح پر بڑی کامیابی، بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر اکیلا کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستان یونیسکو کے ممبر ایگزیکٹو بورڈ اور بھارت کو ہرا کر وائس چیرمین کے طور پر منتخب ہوگیا۔ نومبر 2023 میں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں گروپ الیکشن کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان کو 2023-2027 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (UNESCO) کے ایگزیکٹو بورڈ کے طور پر دوبارہ منتخب کیا گیا۔ 15 نومبر 2023 کو ہونے والے الیکشن میں پاکستان نے سب سے زیادہ 154 ووٹ حاصل کیے ، یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے لیے پاکستان کا دوبارہ انتخاب ملک کے لیے کئی ممکنہ فوائد کا حامل ہوگا۔ یونیسکو کا ایگزیکٹو بورڈ تنظیم کی پالیسیوں اور پروگراموں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے، پاکستان کا دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ میں پاکستان کی دیرینہ حمایت اور تعمیری کردار کا بہترین ثبوت ہے۔ پاکستان تعلیم، ثقافت، سائنس اور مواصلات کے مسائل پر عالمی سطح پر وکالت اور تعاون کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔ یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کی رکنیت پاکستان کو اپنے سفارتی تعلقات کو بڑھانے اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ تعاون کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی، اس کامیابی کے علاوہ پاکستان نے بھارت کو ہرا کر یونیسکو کا وائس چیئرمین منتخب ہو کر بھی اہم کامیابی حاصل کی ۔ ایشیا پیسیفک گروپ کی جانب سے 2023-2025 کی مدت کے لیے ایگزیکٹو بورڈ، اقوام متحدہ سے وابستہ فورم میں اہم پوزیشن کے لیے ہندوستان کو شکست دی۔58 رکنی ایگزیکٹو بورڈ میں سے پاکستان نے متاثر کن 38 ووٹ حاصل کیے جبکہ بھارت نے 18 ووٹ حاصل کیے یہ بھارت کے لیے ایک بہت بڑی شکست تھی۔ پاکستان کی رکنیت اسے تعلیم، سائنس، ثقافت اور مواصلات میں عالمی پالیسیوں اور اقدامات پر اثر انداز ہونے سے آگاہی فراہم کرے گی، یونیسکو کی رکنیت پاکستان کو اپنے مسائل کی عالمی سطح پر وکالت اور نمائندگی کرنے کے قابل بنائے گی۔ پاکستان یونیسکو کے مینڈیٹ کو مضبوط بنانے اور پالیسی سازی میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان کی ذمہ داریوں میں اصولوں کی ترقی، عالمی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور یونیسکو کے زیر انتظام پروگراموں اور سرگرمیوں کی موثر نگرانی کے لیے کام کرنا ہے۔ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر اور وائس چیرمین کی حیثیت سے پاکستان تمام ممالک میں روابط بڑھانے، مختلف مسائل پر ٹھوس نتائج اور ان کے اقدامات کے لیے کلیدی امور پر اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس کامیابی پر دفتر خارجہ کے ایک بیان میں ایگزیکٹو بورڈ کے اراکین اور یونیسکو کے تمام رکن ممالک کا پاکستان کی امیدواری میں زبردست حمایت اور اعتماد کا اظہار کیا گیا،یہ کامیابی ملک کے لیے باعث فخر ہے کیونکہ یہ عالمی سطح پر ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔