چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان نے استعفے قبول نہ کرنے کیلئے اسپیکر کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے اختلافات ہیں آگے جاکر بھی ہوں گے، متحدہ کے ایشوز پر بات کرنے کو تیار ہیں، ایم کیو ایم سے ایک معاہدہ ہے، ہم چاہتے ہیں اس کے مطابق چلیں، سب جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم ملکر کام کرینگی تو سندھ کا بھلا ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان نے استعفے قبول نہ کرنے کے لیے اسپیکر کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں۔ عمران خان کی ضد پر تو قبل از وقت انتخابات نہیں ہو سکتے، عمران 6 ماہ وزیراعظم نہیں رہے تو کیا قیامت ہو گئی۔ عمران خان کی سیاست نہ صرف ان کو بلکہ ملک کو نقصان پہنچارہی ہے، عمران خان ہر موقع پر فیل ہوچکے ہیں، دومرتبہ لانگ مارچ کرکے دعویٰ کررہے تھے کہ الیکشن کرائیں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک ڈوبا ہوا تھا، ہمارا سیاسی مخالف اپنی سیاسی لڑائی روک نہیں سکا، سیلاب سے تمام شعبوں میں کرائسز آیا، کورونا کے دنوں میں ہم اپوزیشن میں تھے لیکن حکومت کا ساتھ دیا، سیلاب آیا تو ہمارا سیاسی مخالف لانگ مارچ کرتا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی حالات بگڑیں گے تو امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوگا، دنیا بھر سے سیلاب متاثرین کےلیے امداد اکٹھی کریں گے، سندھ حکومت ورلڈبینک سے 2ارب ڈالر قرض لے رہی ہے۔