لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتیں بڑھانے کا دکھ ہے، قیمتیں دل پر پتھر رکھ کر بڑھائیں، ہم اپنی جان لڑا دیں گے اور عوام کو تکالیف سے نجات دلا کر رہیں گے۔ لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر یہ جلسہ لائیو دیکھ رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پٹرولیم قیمتیں بڑھانے کا دکھ ہے، قیمتیں دل پر پتھر رکھ کر بڑھائیں، عوام جانتے ہیں کہ پٹرولیم قیمتیں کیوں بڑھانا پڑیں، ملک دیوالیہ ہونے کا خدشہ نہ ہوتا تو ہم مرجاتے مگر قیمتیں نہ بڑھاتے، گھبرانا نہیں ہے دن رات محنت کرکے حالات بہتر کریں گے، ہم اپنی جان لڑا دیں گے اور عوام کو تکالیف سے نجات دلا کر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گو نیازی گو ہوگیا اور اب وہ ہر جگہ روتا پھر رہا ہے، چار سال سے عمران خان کو بیساکھیوں سے چلنے کی عادت تھی، عوام غریب ہوگئے مانیکا اور فرح گوگی امیر ہوگئے۔ مریم نواز نے کہا کہ انشا اللہ مہنگائی ختم ہو گی اور لوڈ شیڈنگ کا بھی خاتمہ ہوگا۔ شہباز شریف جب وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو پانچ بجے کام چیک کرنے پہنچے ہوتے تھے، حمزہ شہباز پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دینے جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 17 جولائی کو لوگ اپنے بچوں کے مستقبل کو ووٹ دیں گے، پنجاب کبھی عمران خان کو ووٹ نہیں دیگا۔