ویب ڈیسک: توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
یاد رہے کہ بشری بی بی کی درخواست ضمانت سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے 30 ستمبر کو مسترد کر دی تھی۔
بشری بی بی نے درخواست ضمانت خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ضمانت بعد از گرفتاری کا حکم دے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مقدمے میں سائلہ کی گرفتاری غیر منصفانہ ہے۔ سائلہ گھریلو اور پردہ نشین خاتون ہے۔ الزامات جھوٹے اور گواہان کو بلیک میل کر کہ لگوائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ مقدمہ اور تفتیش بد نیتی اور بد دیانتی پہ مبنی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سائلہ خاتون ہے اور قانون کے تحت ضمانت کی مستحق ہے۔ استغاثہ نے سائلہ کو جیل میں رکھنے کے لئے مقدمہ کھڑا کیا ہے۔ مقدمہ دائر کرنے سے پہلے ہی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہوا تھا۔ بار بار ایک ہی کیس کو مختلف زاویوں سے چلانا آئینی خلاف ورزی ہے۔ سائلہ دو سال قبل سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنائی جا رہی ہے۔