لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ز یر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جا ئزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے ڈیم بنانے کے منصوبے پر پیشرفت کابھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی محکمہ آبپاشی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کومزید تیزکرنے کی ہدایت کردی گئی۔ محکمہ آبپاشی کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منصوبوں کوٹائم لائن کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ حکومت محکمہ آبپاشی کے منصوبوں کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل کیلئے پورا سپورٹ کرے گی۔ کوہ سلیمان کے علاقے سوڑا ڈیم کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیزکی جائے۔ ہل ٹورنٹس کے پانی کومحفوظ کر کے زرعی اور آبپاشی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوڑا میں ڈیم بننے سے تونسہ تک لوگوں کو وافر پانی ملے گااور زرعی شعبہ میں ترقی ہوگی۔ سوڑا ڈیم کا منصوبہ علاقے کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ڈیم کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ ہر سال موسم برسات میں پہاڑی نالوں میں بہنے والا پانی ضائع ہوتا ہے۔ اس پانی کو محفوظ کرکے استعمال میں لانا بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خزانہ اورنیسپاک کے اعلی حکام نے شرکت کی۔