دہشت گرد کہیں بھی واردات کر سکتے ہیں، فورسز الرٹ رہیں: شیخ رشید

دہشت گرد کہیں بھی واردات کر سکتے ہیں، فورسز الرٹ رہیں: شیخ رشید
راولپنڈی ( پبلک نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے۔ ٹی ٹی پی کی شرائط نہیں مانی جا سکتیں۔ اب ان سے جنگ ہو گی۔ اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ سینیٹر محسن عزیز کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے شروع میں افغان طالبان نے بات چیت کی کوشش کی کہ یہ لوگ پاکستان کے ساتھ معاملات طے کریں لیکن مذاکرات آگے نہیں چل سکے۔ کالعدم جماعت کی شرائط ایسی تھیں جو نہیں مانی جاسکتی تھیں۔ سیز فائر انہوں نے خود ختم کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا اب پھر ہمارا وفد بات چیت کے لیے گیا ہے مگر اطلاعات ہیں کہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے۔ اب کالعدم ٹی ٹی پی سے جنگ ہو گی۔ اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ کل کے واقعات میں کمیونی کیشن پکڑی گئی ہے۔ یہ لوگ افغانستان اور بھارت کےساتھ رابطے میں تھے۔ ہمارے7لوگ شہید ہوئے ہیں۔ سینیٹر سرفراز بگٹی نے بتایا دہشت گردانٹرینٹ استعمال کرتے ہیں۔ کل کے واقعے میں بھی دہشت گرد واٹس ایپ استعمال کر رہے تھے۔ واٹس ایپ پر اپنے ماسٹرز کے ساتھ لائیو رابطے میں تھے۔ اس معاملے کو بھی دیکھیں۔ شیخ رشید نے جواب دیا کہ ہم تب تک کمیونیکیشن توڑ نہیں سکتے جب تک صوبہ خود نہ کہے۔ کل بھی جب ہمیں بتایا گیا تو ہم نے فوری انٹرنیٹ کو بند کیا، صوبائی حکومت درخواست دے تو اس علاقے کا انٹرنیٹ بند کرسکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ دہشت گردملک میں کہیں بھی کوئی واردات کرسکتے ہیں۔ ہم نے تمام چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے فورسز کو الرٹ رکھیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔