پاکستان میں کورونا کے وار جاری، مزید 19 مریض جاں بحق

پاکستان میں کورونا کے وار جاری، مزید 19 مریض جاں بحق
اسلام آباد: (پبلک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے پھیلائو کا ایک بار پھر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 19 مریضوں کے انتقال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 43 ہزار 901 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 580 کیس مثبت آئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1.32 فیصد رہی۔ اموات میں حالیہ اضافے سے اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہارنے والے شہریوں کی تعداد 28 ہزار 496 تک جا پہنچی ہے۔ خیال رہے کہ منگل کے روز کورونا وائرس کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ 2 نومبر کو کورونا وائرس سے 11 اموات ہوئیں جن میں سے 3 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ اس وقت وینٹیلیٹر پر کووڈ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 17 فیصد، لاہور میں 16 فیصد، ملتان میں 29 فیصد اور سرگودھا میں 13 فیصد مریض ہیں۔ اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 46 فیصد، لاہور میں 22 فیصد، صوابی میں 26 فیصد اور سرگودھا میں 26 فیصد مریض ہیں۔

Watch Live Public News