اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی کی قیمتیں کم کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ موسم سرما میں صارفین کو سہولت دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ حماد اظہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی نومبر 2021ء سے فروری 2022ء کی مدت کیلئے کی گئی ہے۔ یہ اقدام موسم سرما میں گیس کا استعمال کم کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں گیارہ روپے 37 پیسے جبکہ کمرشل صارفین کیلئے فی یونٹ 11 روپے 98 پیسے کمی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ عام خدمات کیلئے بجلی ٹیرف 7 روپے 94 پیسے فی یونٹ استعمال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے سردیوں کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر بجلی سستی کرنے کے پیکج کی منظوری دیدی ہے۔ یکم نومبر سے 28 فروری تک کے چار مہینوں کیلئے یہ پیکج کے الیکٹرک صارفین سمیت پورے ملک کیلئے ہوگا۔ بجلی صارفین کو گذشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 12 روپے 96 پیسے میں پڑے گا۔ اس پیکج سے گھریلو، کمرشل صارفین سمیت جنرل سروسز کے شعبے بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔