صوبہ پنجاب کے 15 اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ

صوبہ پنجاب کے 15 اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ

لاہور(پبلک نیوز) کورونا وباء کے پھیلاؤ کے باعث صوبہ پنجاب کے 15 اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا.

تفصیلات کے مطابق این سی او سی اورحکومت پنجاب کی سفارشات کے مطابق پنجاب کے منتخب 15 اضلاع میں لاک ڈاون کی تفصیلات سامنے آ گئیں‌. 15 ہائی رسک اضلاع میں آج سے 12 ستمبر تک درج ذیل تمام پابندیاں ناٖفذ رہیں گی۔

سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کے مطابق 15ہائی رسک اضلاع میں لاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب شامل ہیں۔ شیخوپورہ، بہاولپور، گوجرانوالہ, رحیم یار خان، گجرات، سیالکوٹ اور بھکر بھی 15 اضلاع میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ/کاروباری سرگرمیاں رات 8 بجے تک جاری رہیں گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو محفوظ دن کے طور پر منایا جائے گا۔

سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ ان ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ، آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 10 بجے تک کھل سکے گی۔ان ڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔ آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات رات 10 بجے تک صرف 300 افراد کے ساتھ ہوں گی۔ سینما گھر مکمل طور پر بند رہیں گے۔ منتخب 15 اضلاع میں تمام مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔

سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے بتایا کہ تمام قسم کے ان ڈور آؤٹ ڈور اجتماعات ، بشمول موسیقی، مذہبی متفرق تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ تمام جم مکمل طور پر بند رہیں گی۔ تمام سرکاری نجی دفاتر اور ادارے معمول کے اوقات کار مطابق چلتے رہیں گےتاہم حاضری 50 فیصد ہو گی۔منتخب اضلاع کے مابین چلنے والی ٹرانسپورٹ مکمل طورپر بند رہے گی۔منتخب اضلاع کے اندر چلنے والی ٹرانسپورٹ کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 50 فیصد ہو گی۔ٹرانسپورٹ سروسز کے ذریعے سفر کے دوران ریفرشمنٹ پر پابندی ہو گی۔تفریحی پارکس ، سوئمنگ پولز، اور واٹر سپورٹس بند رہیں گے۔ پبلک پارکس کورونا ایس او پیز کے مطابق کھل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین شدہ افراد کے لیے کنٹرول سیاحت کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ کورونا وباء سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔