اسلام آباد: وزیر اعظم وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح پر مبارک باد دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی جیت پر قوم اور کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک دیتا ہوں، آپ نے قوم کے دل بھی جیت لئے ہیں، شاباش ٹیم پاکستان۔ چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف کرکٹ میچ جیتے پر مبارکباد ی ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا، امید ہے ٹیم فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو 5وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔182 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان بابر اعظم 14 اور فخرزمان 15 اور محمد نواز 20 گیندوں پر 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ آصف علی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ خوشدل شاہ 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی جانب سے روی بشنوئی، بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا، یزویندر چاہل اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ روہت شرما اور کے ایل راہول 28، 28، سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔