الیکشن کمیشن کے فیصلے میں جان نہیں ہے: شیخ رشید

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں جان نہیں ہے: شیخ رشید
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کو نااہل اور نواز شریف کو اہل کروانا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں جان نہیں ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ دنیا میں تیل، گندم اور کاٹن کی قیمت کم ہو گئی ہے لیکن حکومت کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اقتدار کی بھوکی 13 جماعتوں کا جمعہ بازار لگا ہے۔ سیاسی انتشار اور خلفشار بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد نہ عوام میں جانے، نہ الیکشن کرانے، نہ مسائل حل کرنے کے قابل ہے۔ 13 پارٹیوں نے عمران خان اور اس کی پارٹی کو حدف بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے 100 پریس کانفرنسوں کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا بھونڈا فیصلہ سپریم کورٹ میں جانے کے ساتھ ہی نیست ونابود اور دفن ہو جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد نے ملکی وعوامی مسائل حل کرنے کی بجائے گرفتاریوں، مقدمات، عمران خان اور اس کی پارٹی کو نااہل کرانے پر زور دیا ہوا ہے، جس سے سیاست میں مزید انتشار اور خلفشار بڑھے گا۔ فضل الرحمن اور نواز شریف بھی انتقامی سیاست کی آگ پر پیٹرول ڈال رہے ہیں اور پیپلز پارٹی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ شوکاز نوٹس صرف فنڈ ضبطی کا ہے نہ کہ پارٹی کالعدم، نہ عمران خان کو نااہل کرانے کا۔ الیکشن کمیشن ریفرنس حکومت کو بھیجے گا۔ حکومت کے ڈیکلیریشن کے بعد سپریم کورٹ میں جائے گا۔ ہر غلط فیصلے سے 14 پارٹیوں کی ساکھ راکھ بن رہی ہے۔ نہ نو من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔