مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی المیہ ختم کرنیکا وقت آگیا

مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی المیہ ختم کرنیکا وقت آگیا
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی المیے کو ختم کرنے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا وقت آ گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں انہوں نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1489848470185910272?s=20&t=qtF9jBqyDib1hea2YPvOCA آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، لیکن وہاں کے عوام انڈیا ظلم وجبر کا جرات کیساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کو خود ارادیت کے جائز حق کے حصول کیلئے بے مثال عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کامل یقین ہے کہ کشمیری عوام جبر اور ناجائز قبضے کے خلاف اس جرات مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔ تنازعہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تنازع بھارتی ہٹ دھرمی اور اس کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حل نہ ہو سکا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور ترقی کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل پر ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کشمیریوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے استعمال کا حق دے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ‏گھناونے جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام کشمیریوں کی ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے لئے منصفانہ جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کے اعادہ کے لئے یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر بین الاقوامی طور پر مسلمہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کا متقاضی ہے۔