امریکا کی جانب سے مبینہ جاسوس غبارے کو مار گرانے پر چین برہم ہوگیا

امریکا کی جانب سے مبینہ جاسوس غبارے کو مار گرانے پر چین برہم ہوگیا
امریکی کی جانب سے مبینہ جاسوس غبارے کو مار گرانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ امریکہ نےبین الاقوامی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے مبینہ جاسوس غبارہ مار گرانے کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بغیر پائلٹ سویلین ہوائی جہاز کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے پر چین نے شدید احتجاج کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ضروری ردعمل کا حق رکھتا ہے۔ امریکہ سے درخواست کی تھی کہ اس تمام معاملے سے تحمل اور پیشہ وارانہ انداز میں نمٹے۔ تاہم امریکہ نے طاقت کے استعمال پر اصرار کیا اور شدید ردعمل دیتے ہوئے بین الاقوامی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ریاست کیرولائنا کے ساحل کے قریب مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو مار گرایا تھا۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ مشتبہ جاسوس غبارہ تقریباً 60 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا تھا اور اس کا سائز تین سکول بسوں کے برابر تھا۔ خیال رہے کہ مبینہ جاسوس غبارے کے سامنے آنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنا بیجنگ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ اس دورے کا مقصد امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔