وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کا یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی پیغام 

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کا یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی پیغام 
کیپشن: Special message of Azad Kashmir Prime Minister Chaudhry Anwar Haq on Kashmir Solidarity Day

ویب ڈیسک: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ 

اپنے بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور اہل کشمیر کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے۔ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔

چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے۔ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔ میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام آپ کی پشت پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے۔ ہندوستان اس خطے میں دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ ہندوستانی حکومت کے انتہاء پسندانہ اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں۔ کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کسی طور ممکن نہیں۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی استبدادسے آزاد ہوگا۔ انشاءاللہ  ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کا خواب شرمندہ تعمیر ہوگا۔