نگران وزیر اعظم کی ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

نگران وزیر اعظم کی ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

(ویب ڈیسک )  نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ  نے  ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کے پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

نگران وزیر اعظم  انوار الحق کاکڑ  نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی ء درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ۔

وزیراعظم  نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین  پیش کیا۔انہوں  نے حملے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں امن و امان کے نفاذ کے حوالے سے ہمارے عزم کو ختم کرنے میں ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گی، پوری قوم پولیس اور  سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

نگراں وزیر اعلی پنجاب : 

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی  نے   ڈی آئی خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت  کی ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی  نے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار  کیا ۔انہوں نے  شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ  ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ہیں،   اتحاد کی قوت سے اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ  ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شہید اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔

Watch Live Public News