گرل فرینڈ کو 3 کروڑ کےگھر کاتحفہ دینےوالاچورگرفتار

گرل فرینڈ کو 3 کروڑ کےگھر کاتحفہ دینےوالاچورگرفتار
کیپشن: گرل فرینڈ کو 3 کروڑ کےگھر کاتحفہ دینےوالاچورگرفتار

ویب ڈیسک: بھارتی شہر بنگلور کی پولیس نے ایک بدنام زمانہ چور کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے چوری کے ذریعے حاصل کی گئی رقم سے اپنی گرل فرینڈ کے لیے 3 کروڑ روپے کا شاندار گھر تعمیر کیا تھا۔

تفصیلات کے  مطابق پکڑا جانے والے 37 سالہ چور پنچ اکشری سوامی کا مجرمانہ ریکارڈ دو دہائیوں پر محیط ہے۔ مہاراشٹرا کے سولاپور سے تعلق رکھنے والا سوامی کوئی عام چور نہیں تھا، بلکہ اس کا طرزِ زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں تھا۔

حیران کن طور پر، وہ شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ تھا، لیکن اس کے باوجود عیاشی اور عورتوں سے تعلقات کے لیے بدنام تھا۔

اداکارہ سے تعلقات اور مہنگے تحائف

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ 2014-15 میں سوامی نے ایک مشہور اداکارہ پر لاکھوں روپے خرچ کیے۔ اس نے اداکارہ کو 22 لاکھ روپے کا ایک قیمتی ایکویریم تحفے میں دیا اور کولکتہ میں 3 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک عالیشان گھر بھی بنایا۔

2016 میں گجرات پولیس نے سوامی کو گرفتار کیا اور اسےچھ سال کے لیے احمد آباد کی سابرمتی جیل بھیج دیا گیا۔ رہائی کے بعد وہ مہاراشٹرا میں دوبارہ چوری کرتے پکڑا گیا اور دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔ 2024 میں رہائی کے بعد وہ بنگلور منتقل ہو گیا اور ایک بار پھر چوری کی وارداتیں شروع کر دیں۔

9 جنوری 2025 کو سوامی نے بنگلور کے مدیوالا علاقے میں ایک بڑی چوری کی، مگر اس بار قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا۔ پولیس نے ٹیکنالوجی کے ذریعے اس کا سراغ لگا کر مدیوالا مارکیٹ کے قریب گرفتار کر لیا۔

چوری کا منفرد طریقہ کار
سوامی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ایک منظم حکمت عملی تیار کی تھی۔ وہ آئرن راڈ اور فائر گن ساتھ رکھتا تھا، جس سے چوری شدہ سونے کو پگھلا کر سونے کی اینٹوں میں تبدیل کر دیتا تھا۔ واردات کے بعد سڑک پر ہی کپڑے بدل کر خود کو عام شہری ظاہر کرتا تھا۔

پولیس نے جب سولاپور میں اس کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے 181 گرام سونے کے بسکٹس، 333 گرام چاندی اور وہی فائر گن برآمد ہوئی، جو وہ زیورات پگھلانے کے لیے استعمال کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق سوامی کراٹے میں بلیک بیلٹ تھا اور اس کا خاندانی پس منظر بھی اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ اس کے والد کی وفات کے بعد اس کی والدہ کو ریلوے میں نوکری ملی، لیکن قرضوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھر کی نیلامی کی نوبت آ چکی تھی۔

سوامی کی گرفتاری ڈی سی پی (نارتھ ایسٹ) سارہ فاطمہ، اے سی پی لکشمی نارائنا کے سی اور مدیوالا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر محمد ایم اے کی قیادت میں عمل میں آئی۔

بنگلور پولیس کے مطابق اس گرفتاری کے بعد ایک ایسے چور کی مجرمانہ سرگرمیوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، جو چوری کی رقم سے پرتعیش زندگی گزارنے کا عادی تھا، لیکن آخر کار قانون کی گرفت میں آ گیا۔

Watch Live Public News