کراچی میں آج کس وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے؟

کراچی میں آج کس وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے؟
کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق کراچی شہر کے بیشتر حصوں میں اس وقت مطلع ابر آلود ہے اور اس کے ساتھ بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے لہٰذا آج شام یا رات گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں شمال مشرق کی طرف سے ہلکی رفتار کے ساتھ ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32سے 34ڈگری سینٹی گریڈ اورکم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گذشتہ روز کی بارش کراچی میں گذشتہ روز مون سون کے پہلے اسپیل کی بارش ہوئی تھی، جس میں سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 27.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ گلشن معمار میں 24.3 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ نارتھ کراچی میں 12.8، گلشن حدید 16، سعد ٹاؤن 5.7، قائد آباد 11.5، فیصل اور مسرور بیس پر 4 ملی میٹر اور ، جناح ٹرمینل میں 4.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں اولڈ ائیرپورٹ پر 3 ،یونیورسٹی روڈ پر3.8، جب کہ اورنگی ٹاؤن میں سب سے کم 2.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔