گذشتہ روز غیرمعمولی کمی کے بعد انٹر بینک میں پاکستانی روپیہ کے مقابلے امریکی ڈالر کی قدر میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 1 روپے 31 پیسے اضافہ ہوگیا ہے، ڈالر مہنگا ہوکر276 روپے75 پیسے کا ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان ہونے والے سٹینڈ بائی معاہدے کے بعد ہی معاشی غیر یقینی صورتحال کے بادل چھٹنے پر ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 15 روپے کم ہو کر 271 روپے کی سطح پر آگیا تھا جو کہ تعطیلات سے قبل آخری روز 285.99 روپے پر بند ہوا تھا۔