لاہورسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں ابررحمت،مزیدبارشوں کی پیشگوئی

لاہورسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں ابررحمت،مزیدبارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: لاہورسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں ابررحمت،مزیدبارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، اچھرہ ، قرطبہ چوک ، چوبرجی و اطراف سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

موسم کا حوال بتانے والوں نے لاہور میں آئندہ تین روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے،ہوا کی رفتار 18کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر ڈویژنز میں طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، مو سمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

مختلف شہروں میں ابر رحمت

دوسری جانب دیپالپور شہر اور گرد و نواح میں بھی بادل برس پڑے، رینالہ خورد شہراور مضافات میں موسلا دھار بارش سے گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

رینالہ خورد میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر اور گردونواح میں بجلی کے تمام فیڈر ٹرپ کرگئے، شہر میں بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

سیالکوٹ / بارش
 ضلع بھر میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔بنیادی مرکز صحت میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حافظ آباد / بارش

حافظ آباد  اور اس کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم  خوش گوار ہوگیا ہے اور بارش شروع ہوتے ہی شہر بھر اور گردونواح میں بجلی مکمل طور پر غائب ہوگئی ہے۔

 شاہ کوٹ / بارش
شاہ کوٹ اوراس کے گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا سلسلہ جاری  ہے۔

اوکاڑہ/ بارش

اوکاڑہ میں  تیز آندھی کے ساتھ بارش شروع ہو گئی، بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،گرمی کے ستائےلوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔آندھی آتے ہی بجلی غائب ہوگئی،ایک گھنٹے سے جاری موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا،نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش اور تیز آندھی سے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام معطل  ہو گیا۔ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

پاکپتن/ بارش

پاکپتن اور اس کےگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے اور بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بارش سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔پاکپتن میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور محکمہ موسمیات کے مطابق مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

گیمبر / بارش

گیمبر اور اس کے گردونواح میں آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہےاور بارش کے پانی سے گلیوں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا، بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوش گوار ہوگیااور بارش شروع ہوتے ہی گیمبر اور گردونواح میں بجلی غائب  ہوگئی۔

رینالہ خورد/ بارش 

رینالہ خورداور اس کےگردونواح میں موسلادھار بارش موسم خوشگوار ہوگیا،موسلادھار بارش سے جی ٹی روڈ روڑ سمیت دیگر بازار پانی سے بھر گئے،جی ٹی روڈ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا  ہے جبکہ بارش کی وجہ سے شہر اور دیگر علاقوں کی بجلی معطل ہے۔

شکرگڑھ/ بارش

نورکوٹ  کرتار پور اورگردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری  ہے اور بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی موسم خوشگوار  ہوگیا ہے جبکہ گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام گلی محلوں میں بارش سے لطف اندوز ہونے لگے ہیں۔

منچن آباد/ بارش

منچن آباد اور اس کے گردونواح میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے جبکہ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوش گوار ہوگیا ہے۔

سیالکوٹ/کرنٹ لگنےسےگائےہلاک

سیالکوٹ میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے  سے 5 لاکھ مالیت کی گائے ہلاک ہوگئی،اہل علاقہ کا کہنا ہےکہ 6 روز سے پول میں کرنٹ کی شکایت کر رہےتھے  توجہ ہی نہیں دی گئی۔

 فیصل آباد میں دیوارگرنےسے2بچیاں جاں بحق

فیصل آباد ریسکیو حکام کا کہناہے کہ جڑانوالا روڈ ستارہ پارک سٹی میں بارش کی وجہ سے گھر کی دیوار گر گئی،دیوار گرنے سے تین سالہ بچی سویرا ایمان موقع پر جان بحق اور 29 سالہ اقراء  شدید زخمی ہو گئی۔ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونے والی خاتون کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سول ہسپتال منتقل کر دیا۔جاں بحق ہونے والی بچی کی لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔

کراچی کا موسم

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سرمئی بادلوں اور سمندری ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی،شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے، آج رات شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News