سرجری کے بعد پہلی دفعہ شہزادی کیٹ منظر عام پر

kate
کیپشن: kate
سورس: google

 ویب ڈیسک:امریکی میگزین ٹی ایم زیڈ کی شائع کردہ تصاویر کے مطابق جنوری کے وسط میں پیٹ کی سرجری کے بعد برطانیہ کی شہزادی کیتھرین کو پیر کے روز پہلی بار عوامی مقام یا پبلک میں دیکھا گیا ہے۔
 رپورٹ کے مطابق 42 سالہ شہزادی کو سرجری کے بعد 29 جنوری کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا اور وہ لندن کے مغرب میں واقع ونڈسر میں اپنے گھر میں سرجری کے بعد صحت یاب ہو رہی ہیں۔
شہزادی کیٹ مڈلٹن کے شوہر شہزادہ ولیم برطانوی تخت کے وارث ہیں۔

ٹی ایم زیڈ میں شائع کی گئی تصاویر میں شہزادی کیٹ کو دھوپ کے چشمے پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے جب وہ کار میں جا رہی تھیں، مشہور شخصیت کی خبریں شائع کرنے والی نیوز سائٹ نے تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ انہیں پیر کو ونڈسر کیسل کے قریب لے جایا گیا تھا۔
برطانیہ کے مشہور اخبارات بشمول ڈیلی میل اور دی سن نے تصاویر شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی ٹی وی نیوز کے رائل ایڈیٹر کرس شپ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس  پر لکھا کہ ’ہم ان کی پرائیویسی کے احترام سے باہر نہیں نکل رہے جب تک کہ وہ اپنے آپریشن سے اس دوارنیے میں ٹھیک ہو جاتی ہے جو ہمیں اس کے لیے دیا گیا تھا۔‘
یہ تصویر ایک ایسے وقت شائع کی گئی ہے جب سوشل میڈیا پر شہزادی کی سپاٹ لائٹ سے دوری پر سازشی نظریات کو پھیلایا جا رہا تھا۔
یہ قیاس آرائیاں کینسنگٹن پیلس کے اس بیان کے باوجود کی جا رہی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ اپنی سرجری کے باعث شہزادی کیٹ کے ’ایسٹر کے بعد تک عوامی فرائض پر واپس آنے کا امکان نہیں ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سرجری کا تعلق کینسر سے نہیں تھا۔
گزشتہ ہفتے شہزادہ ولیم نے ’ذاتی وجوہات‘ کے باعث ایک تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو ایسی افواہوں کو سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کو مزید موقع مل گیا۔
کینسنگٹن پیلس کے اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی تھی تاہم کہا تھا کہ شہزادی کیٹ کی طبیعت ’بہت بہتر‘ ہے۔
شہزادی کیٹ کو ایک ایسے وقت ہسپتال میں جانا پڑا تھا جب شہزادہ ولیم کے والد کنگ چارلس کو پروسٹیٹ کی سرجری کے لیے داخل کرایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔