بھارت آؤٹ ،مالدیپ کا چین سے فوجی معاہدہ

بھارت آؤٹ ،مالدیپ کا چین سے فوجی معاہدہ

حکام کے مطابق مالدیپ نے انڈین فوجیوں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دینے کے بعد چین سے ’فوجی مدد‘ کے معاہدے پر دستخط کر لیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مالدیپ میں موجود تقریباً 89 فوجی 10 مئی تک چلے جائیں گے۔

گزشتہ برس صدر محمد معیزو نے اپنی انتخابی مہم میں ’انڈیا آؤٹ‘ کا نعرہ لگایا تھا۔

مالدیپ کی وزارت دفاع نے کہا کہ انہوں نے پیر کو بیجنگ کے ساتھ چین کی فوجی امداد کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بغیر کسی معاوضے کے معاہدہ تھا۔

وزارت دفاع نے معاہدے کے بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں وزارت دفاع نے کہا کہ یہ معاہدہ ’مضبوط دو طرفہ تعلقات‘ کو فروغ دینے کے لیے تھا۔

انڈیا کو بحر ہند میں چین کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور مالدیپ میں اس کے اثر و رسوخ پر تحفظات ہیں۔

صدر معیزو کے ستمبر میں انتخابات جیتنے کے بعد سے مالے اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات میں سرد مہری آ گئی ہے۔

جنوری میں صدر معیزو نے بیجنگ کے دورے کے دوران بنیادی ڈھانچے، توانائی، سمندری اور زرعی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

منگل کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ نِنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ بیجنگ مالدیپ کے ساتھ ’مشترکہ طور پر ایک جامع سٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری قائم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔‘

گذشتہ ہفتے انڈیا نے مالدیپ کے قریب لکشدیپ جزیروں پر ایک فوجی اڈہ قائم کیا ہے جو نئی دہلی کی آپریشنل نگرانی کو بڑھائے گا۔

پیر کو دارالحکومت کے شمال میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر معیزو نے کہا کہ 10 مئی کے بعد مالدیپ کی سرزمین پر کوئی انڈین فوجی نہیں ہو گا۔