شمالی وزیرستان اور پاراچنار میں دہشتگردی کے واقعات پر عمران خان نے شدید مذمت کی ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان اور پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعہ پر ٹویٹ کیا ۔ شمالی وزیرستان اور پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعات پر چیئرمین عمران خان نے شدید مذمت کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پارا چنار میں سکول کےاساتذہ کے ہولناک اور وحشیانہ قتل اور شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سےلڑتے ہوئے 6 جوانوں کی شہادتوں کی شدید مذمت کرتا ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی دہشتگردی اور تاریخ کی بلند ترین مہنگائی کیساتھ سنگین ترین معاشی حالات کےدوران وزیراعظم رسمِ تاجپوشی میں شرکت کی آڑ میں برطانیہ میں کیا کررہے ہیں۔ گزشتہ روز پارا چنار میں مختلف واقعات میں سرکاری اسکولز کے 8 اساتذہ کا قتل کر دیا گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ مختلف واقعات میں سرکاری سکولوں کے آٹھ اساتذہ قتل کر دئیے گئے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شلوزان روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ سے ایک ٹیچر جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد تری مینگل ہائی سکول میں سکول کے اندر سٹاف روم میں سات ٹیچرز کو قتل کر دیا گیا۔ گزشتہ روز ہی آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیردونی میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 سپاہی شہید ہو گئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو مؤثر جواب دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 2 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہدا میں حوالدار سلیم خان، نائیک جاوید اقبال، سپاہی نذیر خان، سپاہی حضرت بلال، سپاہی سید رجب حسین، سپاہی بسم اللہ جان شامل ہیں۔