عمران خان اقتدار چھوڑ کر عوام کو ریلیف دیں: شہباز شریف

عمران خان اقتدار چھوڑ کر عوام کو ریلیف دیں: شہباز شریف
لاہور: ( پبلک نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور عوام کی نجات اسی میں ہے کہ عمران خان مزید تباہی کرنے کے بجائے گھر چلے جائیں۔ ثابت ہو گیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی تقریروں اور الزامات سے ختم نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول نے 145 روپے لیٹر کی حد پار نہیں کی بلکہ موجودہ حکومت نے نالائقی، نااہلی، اور کرپشن کی حدیں پار کر لی ہیں۔ یہ اقدام مہنگائی میں اضافہ کرے گا۔ اس حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت ابھی پٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے جو ظلم ہے۔ اس سے پہلے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی شرط کے سامنے ڈھیر ہوچکی ہے، اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور قیمتیں کم جبکہ پاکستان میں بڑھ چکی ہیں۔ سری لنکا اور بنگلا دیش میں ڈیزل کی قیمت پاکستان سے کم ہے۔ مہنگائی کے ذریعے عوام کی جیبیں خالی کرنے سے ملک اور معیشت چل سکتی ہے، نہ ہی غریب کا گھر۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عوام اب صرف اس حکومت سے نجات کی دعائیں کر رہی ہے، حکومت کا جانا ہی ان کے لئے ریلیف بن چکا ہے۔ نااہلی پر سرکاری افسران بدلے جا رہے ہیں لیکن سب سے بڑی نااہلی، کرپشن پر عمران خان کرسی پر جمے ہوئے ہیں، کیوں؟ ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ موجودہ حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے، ریلیف اس کے بس کی بات نہیں۔ عمران خان عوام پر ظلم کی علامت اور ان کی خوشیوں کے قاتل بن چکے ہیں۔ تین سال میں موجودہ حکومت ملک کو راشن کارڈ پر لے آئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔