اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابقہ دور کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت آج اس حال میں ہے، یہ بار بار کہتے ہیں حکومت نے3 سال میں کیا کیا؟ 3سال میں آپ کی خرابیاں ٹھیک نہیں ہو سکتیں. وزیراطلاعات فوادچوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چینی سندھ میں سب سے زیادہ مہنگی ہے، سندھ حکومت اپنی پوزیشن کو واضح کرے، ڈالر کی قیمت سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے بڑھی. انہوں نے کہا اربن سندھ پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات میں ہے، گندم کی قیمت بھی کراچی میں سب سے زیادہ ہے، سندھ میں دیگر صوبوں کی نسبت آٹے کی قیمتیں زیادہ ہیں، سندھ میں یکم نومبر کو گنے کی کرشنگ شروع ہونی تھی. وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی باتوں کو عوام اہمیت نہیں دیتے ،چینی کی قیمتوں میں اضافہ سٹے کی وجہ سے ہورہا ہے، حکومت کے پاس22دن کے لیے چینی کا اسٹاک موجود ہے، ماضی کی حکومتوں نے ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طریقے سے برقرار رکھا، عالمی منڈی میں بحرانی کیفیت کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھیں.