لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹاس پر آئی حکومت ٹاس پر چل رہی ہے، ٹاس سے عہدے لینے والے بیانات سے ہر روز اپنی نوکریاں بچاتے ہیں، عمران صاحب اینڈ کرائے کے ترجمان عوام کی فکر کریں جو مہنگائی بے روزگاری کے سمندر میں غوطے کھارہے ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی فکر چھوڑیں، آٹا چینی بجلی گیس دوائی کی فکر کریں ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت محفوظ ہاتھوں میں ہے ڈالر کی پرواز روکیں جس نے معیشت کی چولیں ہلا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین سال میں مہنگائی کی شرح3 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہوگئی، 35 روپے کلو والا آٹا 100 روپے ہوگیا ، 52 روپے کلو چینی تین سال میں 120 روپے ہوگئی ، بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 روپے سے 22 روپے ہوگئی ، گیس کی قیمت میں 146 فیصد اضافہ ہوا. انہوں نے کہا تین سال میں5.8 فیصدکی شرح ترقی منفی 0.4 فیصدپر آگئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین سال میں روپے کی قدر میں 45 فیصد کمی کے باوجود 2018 کے مقابلے میں برآمدات میں صرف تین فیصد اضافہ ہوا، ایک کروڑ نوکریاں نہ ملیں، دو کروڑ لوگ غربت کے جہنم میں چلے گئے، تین سال میں 16000 ارب کا قرض لیا گیا اور گردشی قرض 1500 ارب سے تین سال میں 3300 ارب تک پہنچ گیا.