لاہور(پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء جاوید لطیف نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا کہ میں کل ٹاؤن شپ تھانہ گیا اور پوچھا کہ میں نے کونسی غداری کی کونسا بھارت سے گٹھ جوڑ کر لیا ہے جس پر تفتیشی نے کہا کہ آپکو بھی پتہ ہے کہ آپ بے گناہ ہیں لیکن اوپر سے حکم ہے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر اسطرح اوپر سے ہی غیر قانونی اقدامات کا حکم ہو گا تو عدالتیں بند کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایٹم بمب کو گروی رکھ دیں، یہ اسٹیٹ بنک کو گروی رکھ دیں، اگر ہم اس پر آواز اٹھائیں تو غداری کا مقدمہ بنتا ہے تو اور مقدمات درج کریں لیکن یہ ہماری زبان بند نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا نواز شریف کے انٹرنیشنل جمہوری طاقتوں سے رابطے ہیں یہ بات درست ہے جس سے یہ خوفزدہ ہیں، اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے والی ہر جماعت عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنیں گی، مجھے معلوم ہے نیب اور اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ عمران خان چاہتا ہے نیب کی طرح عدالتیں بھی اسکے حکم پر چلیں لیکن ایسا نہیں ہو گا۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران لیگی رہنما میاں جاوید لطیف عبوری ضمانت ختم ہونے ہر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے میاں جاوید لطیف کی عبوری ضمانت کنفرم کرتے ہوئے انہیں پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حُکم دیا۔