فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ وزیراعلیٰ آفس نے فردوس عاشق اعوان کے استعفیٰ کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کے فیصلے پر دیا گیا۔ وزیراعظم نے فردوس اعوان کو نئی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فردوس اعوان کو سیاسی امور یا بہبود آبادی کی معاون خصوصی بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فردوس اعوان کو نئی ذمہ داریاں وفاق میں ملیں گی یا پنجاب میں؟ فیصلہ جلد ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفے سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب اور فردوس عاشق اعوان میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فردوس اعوان کو وزیراعظم کا پیغام دیا۔ عثمان بزدار نے فردوس عاشق اعوان کو بتایا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے فردوس اعوان وفاق میں معاون خصوصی مقرر ہوں۔ دوسری جانب سردار عثمان بزدار نے فردوس عاشق اعوان کو اپنی ٹیم میں رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعلی پنجاب چاہتے ہیں فردوس اعوان پنجاب کے سیاسی امور دیکھیں۔ اس پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم جو بھی ذمہ داریاں دیں احسن طریقے سے نبھاوں گی۔ وفاق، پنجاب دونوں اہم ہیں کپتان کا ہر فیصلہ قبول ہوگا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔