ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کو سزا سنانے والے ججز اور افسران کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دائرکردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست پیپلزپارٹی امریکا کے صدر محمد خالد اعوان نے دائر کی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ سنانے والے ججز کیخلاف کارروائی کی جائے،فوت ہوجانے والے ججز کے اہل خانہ سے تمام مراعات واپس لینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا غیر قانونی ٹرائل چلانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ حال ہی میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی غیر آئینی و غیر قانونی قرار دے چکی، ذوالفقار علی بھٹو کو ناحق پھانسی دینے پر قوم آج بھی افسردہ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے نہ تو آئین کی خلاف ورزی کی نہ کوئی جرم کیا تھا، ذوالفقار علی بھٹو کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا،درخواست میں وفاقی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔