اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے کورونا وائرس کی نئی قسم '' اومیکرون'' کے خطرات کے پیش نظر کیٹیگری سی کے ملکوں میں اضافہ کرتے ہوئے وہاںسے پاکستان آنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی قیادت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں عالمی وبا کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا اور اومیکرون کی روک تھام کیلئے نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کیٹیگری سی ممالک کی لسٹ سات سے بڑھا کر اب 15 کردی گئی ہے۔ ان ممالک میں نمیبیا، زمبابوے، بوٹسوانا، ایسواتینی، لیسوتھو، موزمبیق، پولینڈ، ویتنام، سلووینیا، کروشیا، آئرلینڈ، ہنگری، نیدرلینڈز اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ کیٹیگری سی والے تمام ملکوں سے خصوصی اجازت کے ذریعے ہی اشد ضروری سفر کیا جا سکے گا۔ پاکستان کیلئے سفر خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کی دستیابی پر ہی ممکن ہوگا۔ پاکستان آنیوالے تمام مسافروں کیلئے ویکسینیشن لازمی ہوگی جبکہ چھ سال اور زائد عمر کے غیر ملکیوں اور پاکستانیوں کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ بورڈنگ سے اڑھتالیس گھنٹے قبل کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ ہی قابل قبول ہوگا۔