(ویب ڈیسک)معاشرے میں زیادتی، قتل، رہزنی جیسی سنگین وارداتوں کا ہونا معمول بن چکا ہے، شہری گھر کی دہلیز پر بھی محفوظ نہیں رہے، لاہور کے علاقہ اقبال ٹاون میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں جج روانگی سےچند گھنٹے قبل شہری کو ڈاکووں نے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر باپ کو قتل کرکے بیٹے کو زخمی کردیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پروفیسر شعیب گذشتہ روز مقامی ایکسچینج سے کرنسی نکال کر گھر آرہا تھا، گھر کے قریب پہنچتے ہی 2 ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روکا، ڈاکوؤں نے کرنسی چھینی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گھر میں موجود پروفیسر شعیب کے والد ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے جبکہ پروفیسر شعیب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، ڈاکو 6500 ریال لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ پروفیسر شعیب کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں قتل، ڈکیتی و دیگر دفعات شامل ہیں، مقتول فاروق کو حج کی ادائیگی کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہونا تھا جبکہ ان کا بیٹا شعیب شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔