پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات و اداکار ہارون شاہد اور ہدایتکار و پروڈیوسر یاسر نواز نے وزن کم کرنے سے متعلق اپنے مداحوں کے ساتھ انتہائی کارآمد ٹپس شیئر کی ہیں۔ دونوں فنکاروں نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی تھی۔اس دوران دونوں فنکاروں نے بتایا تھا کہ ہمیشہ اسکرین پر وزن زیادہ دکھائی دیتا ہے جب کہ اصل میں ٹی وی سے وابسطہ لوگوں کا اتنا وزن ہوتا نہیں ہے، پھر بھی فنکار ٹی وی پر اچھا نظر آنے کیلئے وزن میں مزید کمی کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ اداکار ہارون شاہد کا کہنا تھا کہ اُن کے ساتھ یہ مسئلہ درپیش ہے کہ وہ ٹی وی پر بہت موٹے نظر آتے ہیں مگر جب بھی اُن کے فینز اُن سے ملتے ہیں تو وہ بھی یہی کہتے نظر آتے ہیں کہ آپ تو کافی اسمارٹ ہیں اور ٹی وی پر فربہ نظر آتے ہیں اسی لیے وہ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔ ہارون شاہد نے کہا کہ میری نظر میں وزن کم کرنے کا صرف اور صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ تھوڑا تھوڑا کھائیں اور ایک ہی وقت میں پیٹ کو مکمل طور پر نہ بھرا جائے۔دوسری جانب یاسر نواز نے کہا کہ وہ زمانہ طالبِ علمی میں بہت ہی دبلے پتلے ہوا کرتے تھے، ان کے والد اِنہیں پینٹ شرٹ نہیں پہننے دیتے تھے کی وہ اس میں زیادہ ہی دبلے نظر آئیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ وہ وزن میں اضافے کے لیے دودھ جلیبی ، ملائی اور انڈے وغیرہ کھایا کرتے تھے لیکن اصل اضافہ ہوا ان کے وزن میں ورزش کے ذریعے سے۔ اداکار یاسر نواز نے کہا کہ ورزش کی وجہ سے ان کے جسم میں حرکت آئی اور بھوک میں بھی اضافہ ہوا جس کے بعد ان کا وزن بڑھنا شروع ہو گیا تھا۔ یاسر نواز نے مزید کہا کہ کیوں کہ اب وہ اداکاری چھوڑ کر ہدایتکاری میں آ گئے ہیں تو انہوں نے ورزش کرنا چھوڑ دی ہے لیکن اب وہ ایک مرتبہ پھر سے ورزش کر کے خود کو فٹ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ اب اُنہیں ٹی وی پر واپس آنا ہے۔