(ویب ڈیسک ) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی 3 سال کیلئے بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) منتخب ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) گورننگ بورڈ کے اجلاس میں محسن نقوی کو متفقہ طور پر چیئر مین منتخب کیا گیا ہے۔
چیئرمین کے سلیکشن کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس الیکشن کمشنر شاہ خاور کی صدارت میں ہوا، پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں تمام اراکین نے شرکت کی۔ گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے دو نمائندے محسن نقوی اور مصطفے رمدے شامل ہیں۔
آزاد جموں کشمیر ، ڈیرہ مراد جمالی ، لاڑکانہ اور بہاولپور گورننگ بورڈ میں شامل ہے، اس کے علاوہ سوئی ناردرن گیس ، غنی گلاس ، اسٹیٹ بنک اور پی ٹی وی بھی گورننگ بورڈ کا حصہ ہیں۔ اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے نمائندہ نے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شرکت کی۔
واضح رہے کہ محسن نقوی اس وقت نگران وزیر اعلی پنجاب کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔