ویب ڈیسک: (علی زیدی)امریکی محکمۂ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے سرکاری بحری جہاز اب پاناما کینال سے کسی بھی قسم کی فیس ادا کیے بغیر گزر سکیں گے۔
محکمۂ خارجہ نے بدھ کی شب ایک بیان میں کہاہے کہ پاناما کی حکومت نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ پاناما کینال سے گزرنے والے امریکی سرکاری جہازوں پر آئندہ فیس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے امریکا کو کروڑوں ڈالر کی بچت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: حلف برداری سے پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کو تڑپنے پر مجبور کردیا
دوسری جانب اس آبی گزر گاہ کا انتظام سنبھالنے والی ’ پاناما کینال اتھارٹی‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتھارٹی نے امریکہ کو ایسی کوئی رعایت دینے پر تاحال اتفاق نہیں کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق وہ امریکی حکام سے اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا دورہ وسطی امریکہ کے ممالک کا کیا تھا۔ اس دورے میں وہ اتوار کو پاناما پہنچے تھے جہاں انہوں نے پاناما کے صدر ہوزے راؤل ملینو اور پاناما کینال کے حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔